Jun ۰۴, ۲۰۱۸ ۱۱:۱۵ Asia/Tehran
  • دنیا کے عوام، اسرائیلی مظالم کے خلاف سراپا احتجاج

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما اور کوئٹہ کے امام جمعہ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا ہے کہ دنیا کے عوام اسرائیلی مظالم کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما اور کوئٹہ کےامام جمعہ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا ہے کہ 2010 میں کوئٹہ میں عالمی یوم القدس کی ریلی پر ہونے والے خودکش حملے کے بعد شیعہ ہزارہ قوم فلسطینی مسلمانوں کی حمایت میں مزید موثر انداز میں ابھر کر سامنے آئی اور ہر سال یوم القدس کی ریلی میں بھر پور انداز میں شرکت کر کے روزہ دار مسلمان، مظلوم فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل سے نفرت و بیزاری کا اعلان کرتے ہیں۔

علامہ سید ہاشم موسوی کا کہنا تھا کہ جو جنگ دنیا میں حق و باطل کے درمیان ہے، وہ صرف عسکری نہیں بلکہ کلچرل بھی ہے۔ اس وقت پوری اسلامی دنیا امریکہ، اسرائیل اور دیگر شیطانی طاقتوں کے کلچرل اٹیک کے زیر عتاب ہے۔ اس منصوبے کے تحت شیعہ قوم کو بھی نشانہ بنایا گیا لیکن ظلم ایک ایسی چیز ہے کہ چاہے کسی کے خلاف بھی ہو، اسے فطرتاً کوئی قبول کو تیار نہیں۔

کوئٹہ کے امام جمعہ نے کہا کہ جس طرح ایران، اسرائیل کی مخالفت میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہا ہے پاکستان سمیت دوسرے اسلامی ممالک کو بھی اسی طرح کے اقدامات کرنے چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل میں 16 مئی 1948 کو جو حالات بنے اور صبرا و شتیلا سمیت پورے فلسطین میں لوگوں کا قتل عام کیا گیا، اس صورتحال میں اسرائیل کا مقابلہ مذاکرات سے نہیں بلکہ جہاد سے ہوسکتا ہے اس لئے کہ اسرائیل پورے کرہ ارض اور پورے انسانیت کا دشمن ہے۔

علامہ سید ہاشم موسوی کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں پوری دنیا کے لوگ اسرائیلی مظالم سے مزید آشنا ہوکر اس کے خلاف مؤثر انداز میں‌ صدائے احتجاج بلند کریں گے اور عوامی آراء سے پوری دنیا کے ممالک اسرائیلی مظالم کے خلاف اس جدوجہد میں شامل ہوں گے جبکہ امریکی سفارتخانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی خود اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف اقدام ہے اور اس کی پوری دنیا مذمت کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) نے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس قرار دیا ہے اور دنیا کے دیگر ممالک سمیت پاکستان میں بھی اس روز اسرائیل کے خلاف ریلیاں نکالی جاتی ہیں لیکن 2010 میں کوئٹہ میں نکالی جانے والی عالمی یوم القدس ریلی پر صیہونی اور امریکی ایجنٹوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 70 کے قریب روزہ دار شیعہ مسلمان شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے۔

ٹیگس