امریکی جنگی طیاروں کے حملے میں شامی شہریوں کا قتل عام
Jun ۰۵, ۲۰۱۸ ۱۸:۰۹ Asia/Tehran
شام کے صوبے حسکہ کے رہائشی علاقے پر امریکی جنگی طیاروں کی بمباری میں دس عام شہری جاں بحق ہو گئے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے رپورٹ دی ہے کہ امریکا کے جنگی طیاروں نے منگل کی صبح شام کے شمال مشرقی صوبے حسکہ کے جزاع نامی گاؤں پر بمباری کر کے کم سے کم دس عام شہریوں کو خاک و خون میں غلطاں کر دیا- خبروں میں بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والے سبھی بچے اور خواتین ہیں-
امریکا اور اس کے اتحادیوں کے جنگی طیاروں نے گذشتہ تین روز کے دوران شام کے صوبہ حسکہ کے مختلف علاقوں پر بمباری کر کے متعدد عام شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا- شام میں انسانی حقوق کی تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ دو ہزار چودہ سے اب تک امریکی طیاروں کے حملوں میں حسکہ، حلب، ادلب اور دیرالزور میں تین ہزار سے زائد شامی شہری مارے جا چکے ہیں جن میں آٹھ سو بچے شامل ہیں-