Jun ۰۶, ۲۰۱۸ ۱۳:۳۷ Asia/Tehran
  • کائنات میں مولائے کائنات کا ماتم

مولائے متقیان حضرت امام علی علیہ السلام کے یوم شہادت پر پورا اسلامی جمہوریہ ایران سیاہ پوش سوگوار و عزادارہے اور ہر طرف نوحہ وماتم کی صدائیں بلند ہیں جبکہ پورے ملک میں شب اکیس کی شب قدر کے اعمال بھی انجام دیئے گئے۔

مولی الموحدین امیر المومنین حضرت امام علی علیہ السلام کے ایام شہادت کی مناسبت سے دنیا کے گوشہ و کنار میں عزاداری کا سلسہ شب انیس رمضان المبارک یعنی شب ضربت سے ہی شروع ہو گیا تھا۔ ایران کے گوشہ وکنار میں عزاداروں نے حضرت علی علیہ السلام کی شب شہادت میں مجالس غم برپا کرکے شب قدر کے اعمال بھی انجام دیئے اور پوری رات اللہ کے حضور راز و نیاز اوردعا و عبادت میں بسر کی۔اس موقع پر پورے ملک میں روحانی مناظر دیکھنے میں آئے۔
ایران کے سبھی شہروں اور قریوں میں مساجد امامبارگاہوں اور خاص طور پر مقدس مقامات پر مجالس عزا اور اعمال شب قدر کا اہتمام کیا گيا تھا جن میں جہاں بوڑھے اورسن رسیدہ افراد موجود تھے وہيں مائیں اپنی گودوں میں بچوں کو لئے مولائے کائنات کی مظلومانہ شہادت پر اشک غم بہائے اور قرآن کو سروں پر رکھ کر رب کریم کے حضور خالصانہ راز و نیاز کیا۔
شب شہادت اور شب قدر کے مرکزی پروگرام مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام  اور قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے روضوں میں ہوئے جہاں لاکھوں عزاداروں زائرین اور اللہ کے مخلص بندوں نے مظہر عبادت و تقوا حضرت علی علیہ السلام کی شہادت کا غم منایا وہیں انتہائي خلوص کے ساتھ اعمال شب قدر انجام دیئے۔
اکیس رمضان المبارک کو بھی پورے دن ملک کے سبھی شہروں میں مجالس عزا اور نوحہ ماتم کا سلسلہ جاری ہے اور عاشقان علوی نے ماتمی انجمنوں کی شکل میں سڑکوں پر جلوس ھائے عزا برآمد کرکے نوحہ خوانی و سینہ زنی کی۔
عراق کے مختلف شہروں نجف اشرف، کربلائے معلی، کاظمین، سامرا اور دیگر شہروں میں مجالس و نوحہ و ماتم برپا ہے اور سبھی مقدس مقامات خاص طور پر نجف اشرف میں عزاداروں کا جم غفیر ہے جہاں اہلبیت اطہار (ع) کے عقیدت مندوں کی جانب سے اشکبار آنکھوں سے فاتح خیبر مشکل کشاء حضرت امام علی (ع)کی مظلومانہ شہادت کی مناسبت سے پرسہ پیش کیا جا رہا ہے۔ مقدس روضوں کی فضا اہلبیت اطہار (ع) کے شیدائیوں کی آہ و بکا سے گونج رہی ہے۔ سوگواروں اور عزاداروں کی جانب سے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ حضرت امام علی (ع) کے حضور اشکوں اور عقیدت کے نذرانے پیش کئے جارہے ہيں۔ نجف کی فضا پوری طرح سوگوار ہے۔ ہندوستان اور پاکستان میں بھی جناب امیر کے یوم شہادت کی مناسبت سے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس عزا برپا ہیں اور جلوس عزا برآمد کئے جارہے ہیں۔ ایران و عراق کے ساتھ ساتھ پاکستان اور ہندوستان اور دنیا کے دیگر ملکوں کے مومنین اور عزاداروں نے اکیسویں شب قدر کے اعمال بھی انجام دیئے۔ان بندگان خدا نے پوری رات بیدار رہ کر اللہ کے حضور دعا و نیائش کے شاندار معنوی جلوے پیش کئے۔

ٹیگس