افغانستان میں جنگ بندی کے خاتمے پر حامد کرزئی کا ردعمل
افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے کابل حکومت اور گروہ طالبان کے درمیان جنگ بندی کے خاتمے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں جاری جھڑپوں کو بیرونی ممالک کی سازش سے تعبیر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے کابل حکومت اور گروہ طالبان کے درمیان جنگ دوبارہ شروع ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متحارب فریقوں سے کہا ہے کہ وہ اغیار کی سازشوں میں نہ آئیں۔
انھوں نے کہا کہ افغان عوام میں تفرقہ اور برادر کشی اور جاری جنگ، اغیار کی جانب سے مسلط کی گئی ہے تاکہ افغانستان میں بحران و بدامنی جاری رہنے سے ان کے مفادات کا تحفظ ہو سکے۔
صوبے غزنی پر طالبان کے حملے کی دھمکی کے بعد افغانستان کے صدر اشرف غنی نے طالبان کے خلاف جنگ بندی کے خاتمے اور دوبارہ فوجی کارروائی شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
افغانستان میں طالبان کے خلاف فوجی کارروائی کا ایسی حالت میں اعلان کیا گیا ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر فائر بندی کا اعلان کئے جانے کے بعد امن کی کوششیں نتیجہ خیز واقع ہونے کی امیدیں کافی بڑھ گئی تھیں۔