Jul ۲۲, ۲۰۱۸ ۲۰:۵۴ Asia/Tehran
  • امریکی حملے میں بے گناہ شامی شہری جاں بحق اور زخمی

شام میں امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں کی بمباری میں متعدد عام شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔

خبروں میں بتایا گیا ہے کہ امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں نے داعش کے ٹھکانوں پر حملے کے بہانے شام کے صوبے دیرالزور کے شہر البوکمال کے نواحی علاقے السوسہ میں عام شہریوں کے گھروں پر بمباری کی ہے۔ کہا جارہا ہے کہ امریکی اتحاد کے جنگی طیارے پچھلے چند روز سے اس علاقے پر مسلسل حملے کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں افراد کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔

امریکی جنگی طیاروں نے سولہ جولائی کو بھی السوسہ ٹاؤن پر بمباری کی تھی۔

دوسری جانب ترک خبر رساں ایجنسی نے بتایا ہے کہ امریکی فوج نے شام کے شہر رقہ کے شمالی علاقے میں واقع ایک اسکول کی عمارت کو خوفناک جیل میں تبدیل کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق شمالی رقہ کے شہر عین عیسی میں واقع اس خوفناک امریکی جیل میں ہزاروں قیدی موجود ہیں اور اس جیل کے تمام کارکن امریکی ہیں جو بڑے خفیہ طریقے سے کام انجام دے رہے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ قدیم اسکول کے تیس ہزار مربع میٹر رقبے پر بنائی گئی خوفناک امریکی جیل کی کلوز سرکٹ کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جارہی ہے۔صوبہ رقہ کا مرکزی شہر رقہ دوہزار تیرہ سے داعشی دہشت گردوں کے قبضے میں جسے اکتوبر دوہزار سترہ میں شام کرد فورس نے مکمل طور پر آزاد کرالیا تھا۔کہا جارہا ہے کہ شام کی ڈیموکریٹ کرد فورس کو امریکہ کی حمایت حاصل ہے اور اس کے کنٹرول والے علاقوں میں امریکی فوجی دندناتے پھرتے ہیں۔

امریکہ، سعودی عرب اور اس کے علاقائی اتحادیوں نے دہشت گردوں اور مسلح گروہوں کو اسپانسر کرکے سن دوہزار گیارہ میں شام کے بحران کو ہوا دی تھی جس کا مقصد خطے کے حالات کو اسرائیل کے حق میں تبدیل کرنا تھا۔

ٹیگس