آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں مظاہرے
بحرینی عوام نے الدراز کے علاقے میں بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت اور ان سے یکجہتی کے اظہار کے لئے بہت بڑی ریلی نکالی ہے۔
بحرینی ذرائع نے خبردی ہے کہ ریلی میں شریک بحرینی شہریوں نے بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم سے جو اس وقت زیرعلاج ہیں اپنی بھرپور یکجہتی کا اعلان کیا۔
بحرینی عوام نے ساتھ ہی ان سیاسی اور انقلابی قیدیوں سے بھی یکجہتی کا اظہار اور ان کے لئے اپنی حمایت کا اعلان کیا جو آل خلیفہ حکومت کی جیلوں میں بند ہیں۔
واضح رہے کہ بحرین کے انقلابی قائد آیت اللہ شیخ عیسی قاسم دوسال تک اپنے گھر میں نظر بند رہنے کے بعد سرانجام 9جولائی کو علاج کے لئے لندن روانہ ہوئے اور فورا انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ابھی تک آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی جسمانی حالت کے بارے میں تفصیلات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔
بحرین میں فروری دوہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کے خلاف عوامی تحریک جاری ہے۔ بحرینی عوام اپنے ملک میں سیاسی اصلاحات اور جمہوریت و آزادی کا مطالبہ کررہے ہیں۔
بحرین کی ظالم شاہی حکومت نے اس عرصے میں عوام کی پرامن انقلابی تحریک کو کچلنے کے لئے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا ہے جس کے نتیجے میں اب تک ہزاروں بحرینی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں لوگوں کی شہریت منسوخ کردی گئی ہے۔ آل خلیفہ حکومت نے ہزاروں سیاسی شخصیات اور کارکنوں کو جیلوں میں بھی بند کردیا ہے۔