آل خلیفہ حکومت کے خلاف بحرینی عوام کے مظاہرے
بحرین کی سوشل میڈیا میں سرگرم افراد کا کہنا ہے کہ الدراز کے علاقے کے عوام نے آل خلیفہ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔
ارنا نے بحرین کی سوشل میڈیا میں سرگرم افراد کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ بحرین کے عوام نے کل الدراز کے علاقے میں امام صادق (ع) مسجد کے صحن اور اطراف میں آل خلیفہ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔
در ایں اثناء آل خلیفہ کے فوجیوں نے امام صادق (ع) مسجد میں کل بھی نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت نہیں دی اس طرح گزشتہ 100 جمعے سے اس مسجد میں نماز جمعہ ادا نہیں کی گئی۔
بحرین میں فروری دوہزار گیارہ سے عوامی تحریک جاری ہے - بحرینی عوام اپنے ملک میں سیاسی اصلاحات، آزادی اور جمہوریت کا مطالبہ کررہے ہیں۔ بحرینی حکومت نے اس عرصے میں سعودی عرب کے ساتھ مل کر عوام کی جائز جد وجہد کو فوجی طاقت کے ذریعے کچلنے کی کوشش کی ہے جس کے دوران سیکڑوں بحرینی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ آل خلیفہ حکومت نے بہت سے سیاسی مخالفین کی شہریت منسوخ کردی ہے اور ہزاروں عام شہریوں کو مظاہروں میں شرکت کے جرم میں جیلوں میں ڈال دیا ہے۔