قطر کے خلاف بحرین کا اقدام
بحرین کی وزارت داخلہ نے قطری شہریوں کے لئے ویزا جاری کرنے کا اعلان معطل کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بحرین کی وزارت داخلہ نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان شائع کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ بحرین نے یہ فیصلہ قطری حکام کے غیر ذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے لیا ہے، قطر پڑوسی ممالک کے حقوق کی پاسداری نہیں کر رہا اور وہ بین الاقوامی قانون کے اصولوں پر بھی عمل نہیں کرتا۔
بحرینی وزارت داخلہ نے کہا کہ یہ فیصلہ 5 جون 2017 کو قطر کے ساتھ سیاسی تعلقات ختم کرنے اور تمام متعلقہ وزارتوں اور سرکاری تنظیموں کے لئے متعلقہ کابینہ کے متعلق ہدایات پر عملدرآمد کے بیان پر مبنی ہے۔
واضح رہے کہ بحرین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور مصر نے 5 جون 2017 کو قطر پر انتہا پسندوں کی حمایت اور دہشت گردی کی معاونت کا الزام عائد کرکے سفارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے جس کے بعد قطر اور سعودی عرب کے تعلقات کشیدہ ہو گئے اور قطر نے سعودی عرب کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے سعودی عرب کے سامنے نہ جھکنے کا اعلان کیا اور سعودی عرب سے اپنے تعلقات منقطع کئے ۔