Aug ۲۴, ۲۰۱۸ ۱۵:۳۹ Asia/Tehran
  • یمن کے شہر الدریہمی پر سعودی عرب کا وحشیانہ حملہ، اکتیس بچے اور خواتین شہید

جارح امریکی سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نےمغربی یمن کے علاقے الدریہمی میں بمباری کرکے اکتیس خواتین اوربچوں کو شہید کردیا - اس درمیان یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ نے سعودی اتحاد کے اس وحشیانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی اداروں اور اقوام متحدہ نے یمن میں سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیتوں کے سلسلے میں کمزور موقف اپنا کر اپنی بچی کھچی عزت اور ساکھ بھی ختم کردی ہے۔

سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن کے مغربی صوبے الحدیدہ کے شہر الدریہمی میں یمنی پناہ گزینوں کی دوگاڑیوں پر بمباری کرکے اکتیس خواتین اور بچوں کو شہید کردیا۔ اس حملے میں دسیوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے گذشتہ نو اگست کو بھی صوبہ صعدہ کے شہر ضحیان میں یمن کے اسکولی بچوں کی بس پر حملہ کرکے پچپن معصوم بچوں کو شہید اور ستتردیگرکو زخمی کردیا تھا۔

اس درمیان یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے کہا ہے بچوں اورعام شہریوں کو نشانہ بنانا جارح سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مظالم سے یمنی بچوں کی نجات پوری انسانیت کی کامیابی ہے۔

محمدعلی الحوثی نے امریکا سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کو یمن کے خلاف ظالمانہ اور غیر منصفانہ جنگ کا ذمہ دار قراردیا اور پوری دنیا کے حریت پسند انسانوں سے کہا ہے کہ وہ سعودی اتحاد پر دباؤ ڈالیں کہ وہ یمن کی جنگ اور یمن کا محاصرہ ختم کرے۔

دوسری جانب یمن کی نیشنل سالویشن کی حکومت کے ترجمان عبدالسلام علی جابر نے بھی کہا ہے کہ یمن کے عام شہریوں کے خلاف سعودی اتحاد کی مسلسل جارحیتیں سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کی وحشیگری اور درندگی کوثابت کرتی ہیں۔

حزب اللہ لبنان نے بھی ایک بیان جاری کرکے یمنی عوام کے خلاف سعودی اتحاد کے مسلسل جارحانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے کہا ہے کہ وہ ان وحشیانہ حملوں کے مقابلے میں اٹھ کھڑی ہو۔ یمن میں عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے نمائندے نے الدریہمی میں سعودی عرب کے جنگی طیاروں کے حملے میں یمنی خواتین اور بچوں کے قتل عام کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قراردیا ہے۔

المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ یمن میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندے نویو زاگاریا نے یمنی شہریوں پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے وحشیانہ حملوں پرگہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الدریہمی میں عام شہریوں کا قتل عام بالکل اسی طرح کیا گیا ہے جس طرح صوبہ صعدہ کے شہرضحیان میں اسکولی بچوں کی بس پر حملہ کرکے معصوم بچوں کا قتل عام کیا گیاتھا - انہوں نے کہا کہ  اس طرح کے حملے بین الاقوامی قوانین کی صریحی خلاف ورزی اور مسلحانہ مخاصمت ہیں۔

ٹیگس