صنعا ہوائی اڈے پر سعودی حملے کی مذمت
یمنی حکام نے صنعا ایرپورٹ پر سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں کو اس اتحاد کی کمزوری کی علامت قرار دیتے ہوئے بیماروں کی منتقلی کے لئے اس ایرپورٹ کو کھولے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے بچوں کے حقوق کے کنوینشن سربراہ ریناتھ ونٹر نے کہا ہے کہ یمن پر سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملے بچوں کے قتل عام کا باعث بنے ہیں۔
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے منگل کے روز ایک بیان میں صنعا ایئرپورٹ پر جارح سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں کو اس اتحاد کی ناکامی کا مظہر قرار دیا ہے۔عبدالسلام نے کہا ہے کہ جارح سعودی اتحاد کا مقصد یمن کی بنیادی تنصیبات کو تباہ کرنے کے سوا اور کچھ نہیں ہے۔یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے کہا کہ یمن پروحشیانہ جارحیت کے آغاز سے ہی سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے بمباری کے ذریعے یمن کے بے گناہ عام شہریوں کا قتل عام کیا ہے۔سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے حال ہی میں الدیلمی کے مرکز اور صنعا کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کو اپنے فضائی حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔دریں اثنا یمن کی وزارت صحت اور وزارت ٹرانسپورٹ کے نمائندوں نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ یمن کے ہزاروں عام شہریوں منجملہ بچوں کی جان بچانے کے لئے صنعا کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کو کھولا جانا نہایت ضروری ہے۔اس سے قبل یمن کی وزارت نقل و حمل کے بعض حکام نے صنعا کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کو بند کرنے میں سعودی عرب کے اقدام پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ایئرپورٹ بند ہونے کی بنا پر روزانہ بیس سے تیس یمنی بیماروں کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑ رہا ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ سے وابستہ بچوں کے حقوق کے کنوینشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ یمن پر سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملے بچوں کے قتل عام کا باعث بنے ہیں۔انھوں نے یمن پر سعودی عرب کے حملوں کے بارے میں وسیع اور غیرجانبدار تحقیق کی اجازت دیئے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اسی اثنا میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن نے منگل کے روز جنیوا میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت ان کے اتحاد میں شامل ملکوں پر یمن میں عام شہریوں کے خلاف وحشیانہ جرائم کے ارتکاب کا الزام عائد کرتے ہوئے ان ملکوں کے حکام کے خلاف قانونی کارروائی کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔اقوام متحدہ کے ماہرین کی ٹیم کے سربراہ کامل جندوبی نے بھی ایک رپورٹ پیش کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سعودی اتحاد کی جانب سے تمام فضائی حملے مختلف پبلک مقامات اور طبی مراکز پر انجام پائے ہیں۔