Sep ۰۲, ۲۰۱۸ ۱۸:۵۶ Asia/Tehran
  • شام میں دہشت گردوں کے لئے برطانوی خفیہ ایجنسی کی حمایت

شام کے وزیرخارجہ ولید المعلم نے کہا ہے کہ برطانیہ کی خفیہ ایجنسی صوبہ ادلب میں وائٹ ہیلمٹ گروپ کے زیرقبضہ متعدد علاقوں میں دہشت گرد گروہ جبہت النصرہ کے عناصر کے ہاتھوں کیمیائی مادوں کے ٹینکروں کی اسمگلنگ میں مدد کر رہی ہے۔

شام کے وزیررجہ ولید المعلم نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ دہشت گردوں کا منصوبہ یہ ہے کہ وہ کیمیائی مادوں سے بھرے ہوئے ان ٹینکروں کو ادلب میں عام  شہریوں کے خلاف استعمال کرکے اس کا الزام دمشق حکومت پر عائد کئے جانے کا راستہ ہموار کریں گے۔

شامی وزیرخارجہ نے جھوٹے کیمیائی حملے کو شام میں داعش مخالف نام نہاد اتحاد کے ذریعے حملے کا بہانہ قرار دیا تاہم انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ڈرامے سے ادلب کو آزاد کرانے کے دمشق حکومت کے عزم پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

امریکا برطانیہ اورفرانس نے پچھلے دنوں ایک مشترکہ بیان میں شامی حکومت پر دوبارہ الزام عائد کیا تھا کہ وہ ادلب میں عام شہریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیار استعمال کرسکتی ہے۔ ان ملکوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر دمشق حکومت نے کیمیائی حملہ کیا تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔

اس درمیان روسی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ کا شام کے شہر پالمیرا پر تازہ حملہ ناکام ہوگیا ہے۔ رشیا ٹوڈے کے مطابق روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ امریکی کیمپوں میں ٹریننگ حاصل کرنے والے دہشت گردوں نے  پالمیرا شہر پر بڑاحملہ  کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام بنادی گئی یہ دہشت گرد دعوی کررہے تھے کہ وہ ایک ہفتے میں پالمیرا پر کنٹرول حاصل کرلیں گے۔

خبروں کے مطابق شامی فوج نے پالمیرا پر حملہ کرنے کی کوششوں میں شریک دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا اور باز پرس کے دوران معلوم ہوا کہ ان دہشت گردوں کی ٹریننگ کی ذمہ داری شام کے علاقے التنف میں امریکی فوجی اڈے کے قریب واقع ایک کیمپ میں امریکی فوجیوں کی ہے۔

امریکا نے شام کے علاقے التنف میں موجود فوجی چھاؤنی کے آس پاس کے پیتنیس میل مربع کلومیٹر کے علاقے قبضہ کر رکھا ہے اور اس نے اس علاقے میں دہشت گردوں کو بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی فراہم کیا ہے۔

امریکا اور اس کے اتحادیوں نے دوہزار چودہ میں شام میں دہشت گردوں کے خلاف نام نہاد جنگ کے  بہانے ایک اتحاد تشکیل دیا تھا جس کی نہ تواقوام متحدہ سے اجازت لی گئی اور نہ ہی شامی حکومت سے کوئی رائے لی گئی اس اتحاد کے ہوائی حملوں میں اب تک بے شمار شامی اور عراقی باشندے مارے جاچکے ہیں۔

شام کی حکومت نے بارہا اپنی سرزمین پر امریکی فوجیوں کی موجودگی کی مذمت کرتے ہوئے اس کو شام کے اقتدار اعلی اور بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا ہے۔

ٹیگس