عراق کی نئی پارلیمنٹ کا افتتاح
عراق کے صدر ، وزیراعظم اور عراقی پارلیمنٹ کے سابق اسپیکر نے پیر کو نئی پارلیمنٹ کے افتتاحی اجلاس میں ایک طاقتور، عوام کی خدمتگزار اور اعتدال پسند حکومت کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیا۔
عراق کے صدر فواد معصوم نے نئی پارلیمنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران اس امید کا اظہار کیا کہ نئی پارلیمنٹ ایک مضبوط اور طاقتور حکومت کا انتخاب کرے گی جو عراق میں امن و استحکام پوری طرح سے برقرار کرے گی۔ عراقی صدر نے ساتھ ہی یہ بھی امیدظاہر کی کہ نئی حکومت روزگار کے مواقع فراہم کرے گی اور گھرانوں کی آمدنی میں اضافہ کرے گی۔
عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی نے بھی کہاکہ آنے والی نئی حکومت کو چاہئے کہ تعمیر نو، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور اقتصادی اصلاحات پر خاص توجہ دے۔
عراقی وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ حکومت کی یہ اہم ذمہ داری ہے کہ وہ سیکورٹی اور امن و امان کے تعلق سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کی حفاظت کرے اور ملک میں امن کو برقرار اور بحال رکھنے کے سلسلے میں کوشش کرے۔
عراق کی پارلیمنٹ کے سابق اسپیکر سلیم الجبوری نے بھی کہا کہ ملک کو اتحاد اور دیگر ملکوں سے تعلقات کی تقویت کے لئے سیاسی ثمرات کے تحفظ کی ضرورت ہے۔
عراق کے سابق اسپیکر نے امید ظاہر کی کہ انتخابات میں کامیاب ہونے کے بعد حکومت تشکیل دینے کے لئے کوشش کرنے والے سیاسی دھڑے دیگرسیاسی دھڑوں کو بھی اپنے ساتھ رکھیں گے۔
عراق کی نئی پارلیمنٹ کے افتتاحی اجلاس میں محمد علی زینی کو پارلیمنٹ کا اسپیکر منتخب کرلیا گیا۔ محمد علی زینی کا تعلق عراق کے سنی مسلمانوں سے ہے۔