Oct ۰۸, ۲۰۱۸ ۱۰:۱۳ Asia/Tehran
  • افغانستان میں پاکستان کا قونصل خانہ کھل گیا

افغانستان کے صوبے ننگرہار کے شہر جلال آباد میں پاکستان کے قونصل خانہ نے طویل عرصہ تک بند رہنے کے بعد آج آٹھ اکتوبر سے دوبارہ ویزوں کا اجرا شروع کر دیا ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق افغان حکومت نے جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کو تمام ضروری سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ڈاکٹر فیصل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جلال آباد اور اس کے نواحی علاقوں کے رہائشی آج سے قونصل خانے میں ویزوں کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

پاکستان نے افغان گورنر حیات اللہ کی جانب سے جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے امور میں بے جا مداخلت پر قونصل خانہ بند کر دیا تھا۔ پاکستان نے گورنر کی قونصل خانے کے امور میں مداخلت کو ویانہ کنونشن کی خلاف ورزی سے تعبیر کیا تھا۔

واضح رہے کہ مشرقی افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ سیکیورٹی تحفظات کے باعث رواں سال 30 اگست کو بند کر دیا گیا تھا۔

 

ٹیگس