افغانستان میں خود کش حملہ 8 افراد جاں بحق
افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کی مہم کے دوران خود کش حملے کے نتیجے میں انتخابی امیدوار سمیت 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔
صوبہ ہلمند کے گورنر کے ترجمان عمر زہاک نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آور نے افغانستان کے جنوبی شہر لشکر گاہ میں صالح محمد آسکزئی کی انتخابی مہم کے دفتر میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں8 افراد جاں بحق 11 زخمی ہوگئے۔ ابھی تک کسی نے بھی اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی لیکن 2001 میں امریکا کی افغانستان پر فوج کشی کے بعد ہلمند طالبان کا اہم مرکز رہا ہے اور ممکنہ طور پر طالبان ہی اس حملے میں ملوث ہوسکتے ہیں۔
صدر اشرف غنی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افغان عوام جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور دہشت گردوں کو انتخابی عمل کو روکنے نہیں دیں گے۔
یاد رہے کہ ایک دن قبل ہی طالبان نے انتخابات کو 'بوگس' عمل قرار دیتے ہوئے انہیں نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا اور امیدواروں کو خبردار کیا تھا وہ اس سے دور رہیں۔