حضرت امام زمانہ (عج) کی امامت کا آغاز منتظران کو مبارک
حضرت امام زمانہ (عج) کے آغاز امامت کے موقع پرلوگ جگہ جگہ مٹھائیاں اور شربت تقسیم کرکے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کررہے ہیں ۔
9 ربیع الاول سنہ ۲۶۰ ہجری کو آخری حجت خدا فرزند رسول حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی امامت کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر منجی عالم بشریت کا انتظار کرنے والے تمام انسانوں اور بالخصوص تمام مسلمانوں کی خدمت میں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
کرہ ارض پر ہمہ گیر اسلامی انقلاب اور نظام عدل کے نقیب حضرت ولی عصرامام مہدی (عج) کے آغاز امامت کے مبارک موقع پراسلامی جمہوریہ ایران سمیت مختلف ممالک میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے لوگ جگہ جگہ مٹھائیاں اور شربت تقسیم کرکے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کررہے ہیں ۔ جبکہ کل رات اسی مناسبت سے مساجد اور امام بارگاہوں میں پُررونق محافل کا انعقاد ہوا۔اس موقع پر علماء نے ظہور ولی عصر (عج) کے حوالے سے ملت کی ذمہ داریوں اور آمادگی کے فلسفے پر روشنی ڈالی۔
علماء کرام نے اپنے خطاب میں ظہور امام زمانہ (عج) کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے دنیا کی مظلوم و محکوم قوموں کے لئے ایک بے بدل تحفۂ الٰہی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب دنیا کی مظلوم و محکوم قومیں انتہائی بے کس و بے بس ہوں گی اور ظالم قوتیں، مظلومین پر ظلم و استبداد کے ناقابل برداشت حربے آزمائیں گی تو منجی عالم بشریت کا ظہور پر نور ہوگا۔
علماء نے آخر میں حاضرین کو اس دن کی مبارک باد دیتے ہوئے امام کے ظہور میں تعجیل کی دعا کی۔
سحرعالمی نیٹ ورک اس مبارک موقع پر اپنے تمام سامعین، ناظرین، قارئین اور چاہنے والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔