مغربی افغانستان میں 25 طالبان کی ہلاکت
مغربی افغانستان کے صوبے ہرات میں طالبان گروہ کے پچّیس افراد کو ہلاک اور نو دیگر کو زخمی کر دیا گیا۔
صوبے ہرات کے گورنر ہاؤس کے ترجمان جیلانی فرہاد نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ صوبے ہرات میں زیرکوہ کے علاقوں سے طالبان اور دہشت گردوں کا صفایا کئے جانے کے دوران طالبان کے پندرہ افراد ہلاک اور نو دیگر زخمی ہوئے جبکہ غوریان کے علاقے میں طالبان کے ٹھکانوں پر افغان فضائیہ کے حملے میں اس گروہ کے دس افراد ہلاک ہو گئے۔
افغان سیکورٹی اہلکاروں نے اسی طرح صوبے ننگرہار کے غنی خیل علاقے سے طالبان اور دہشت گرد عناصر کا صفایا کر دیا۔
ادھر شمالی افغانستان کے صوبے فاریاب میں ہونے والے ایک دہشت گردانہ بم دھماکے میں چھے عام شہری ہلاک ہو گئے جن میں چار عورتیں اور دو بچے شامل ہیں۔ اس بم دھماکے میں ایک عام شہری زخمی بھی ہوا۔
دریں افغانستان کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کابل حکومت کی جانب سے ایسی حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے کہ جس کی بنا پر طالبان حکومت کے ساتھ مذاکرات پر مجبور ہو جائیں گے۔
حکومت افغانستان کی جانب سے یہ اعلان ایسی حالت میں کیا گیا ہے کہ طالبان نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے سے انکار کر دیا ہے۔