آل خلیفہ کے کہنے پر تھائی لینڈ میں گرفتار فٹبال کھلاڑی آسٹریلیا پہنچ گئے
بحرین کی شاہی حکومت کے ظلم سے نجات پانے کے لیے آسٹریلیا میں پناہ لینے والے بحرین کی قومی ٹیم کے فٹبال اسٹار حکیم العربی تھائی لینڈ میں ستر روز کی جبری قید کے بعد آسٹریلیا واپس پہنچ گئے ہیں۔
حکومت بحرین نے جلاوطن فٹبال کے اسٹار کھلاڑی حکیم العربی کو انٹرپول کے تعاون سے تھائی لینڈ میں اس وقت گرفتار کروا دیا تھا جب وہ اپنی بیوی کے ہمراہ ہنی مون منانے بنکاک پہنچے تھے۔
حکومت تھائی لینڈ انہیں بحرین کے حوالے کرنا چاہتی تھی لیکن انسانی حقوق کی تنظیموں کے شدید دباؤ کے باعث اسے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنا پڑی۔ تھائی لینڈ کی ایک عدالت نے حکیم العربی کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے انہیں آسٹریلیا واپس جانے کی اجازت دے دی۔ حکیم العربی کا کہنا تھا کہ بحرین واپسی کی صورت میں ان کی جان کو خطرہ ہے اوران کے بھائی اور قریبی رشتہ دار بھی شاہی حکومت کی جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر ر ہے ہیں۔
بحرین کے مشہور فٹبالر پربحرین میں جاری انقلابی تحریک کے دوران سن دوہزار چودہ میں پولیس اہلکاروں پر حملے کا الزام عائد کیا گیا تھا اور آل خلیفہ کی نمائشی عدالت نے انہیں دس سال قید کی سزا سنائی تھی۔
بحرین کی آمریت مخالف جماعت الوفاق نے حکیم العربی کو حکومت بحرین کے حوالے نہ کیے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے ہزاروں نوجوان بحرین کے اندر آل خلیفہ حکومت کی جیلوں میں ایذ رسانی کا سامنا کر رہے ہیں۔