سعودی عرب خاشقجی قتل کا اوپن ٹرائل کرے:اقوام متحدہ
اقوام متحدہ نے سعودی عرب سےخاشقجی قتل کا اوپن ٹرائل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
عرب میڈیاکے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے الزام میں گرفتار 11 مشتبہ ملزمان کی خفیہ سماعت کو عالمی معیار کے برعکس قرار دیتے ہوئے اوپن ٹرائل کا مطالبہ کیا ہے۔
سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی تفتیش کے لیے تشکیل دی گئی اقوام متحدہ کی 3 رکنی ٹیم کی سربراہ اگنیس کیلامارڈ نے سعودی عرب سے ابتدائی طور پر حراست میں لیے گئے 10 ملزمان کے نام سامنے لانے کا مطالبہ کیاہے۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت کے مخالف صحافی جمال خاشقجی دو اکتوبر کو استنبول میں قائم سعودی قونصل خانے میں داخل ہونے کے بعد لاپتہ ہو گئے تھے۔ اٹھارہ روز کی تردید کے بعد سعودی حکومت نے آخرکار اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ جمال خاشقجی کو اس کے قونصل خانے میں قتل کر دیا گیا۔