لبنان پر اسرائیل کی جارحیت رکوانے کے لئے اقوام متحدہ سے میشل عون کا مطالبہ
لبنان کے صدر میشل عون نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صیہونی حکومت کے ہاتھوں لبنان کی سمندری و فضائی حدود کی خلاف ورزی روکنے کے لئے اقدامات انجام دے
غیر ملکی ذرائع ابلاغ منجملہ اخبار الحیات کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے صدر میشل عون نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات میں بیروت کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد سترہ سو ایک پر کاربند رہنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے بری، بحری اور فضائی حدود کی خلاف ورزیوں کے پیش نظر اس حکومت کی جارحیت روکنے کی غرض سے بحری سرحدوں کا احاطہ کیا جانا ضروری ہے۔ انھوں نے اسرائیل کی جانب سے شام پر حملے کے لئے لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزیوں کا ذکر کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قرارداد سترہ سو ایک پر عمل درآمد سے متعلق لبنانی فوج اور اقوام متحدہ کی خصوصی فورس کے درمیان تعاون کی اہمیت پر تاکید کی۔
لبنان کے صدر نے شامی پناہ گزینوں کی وطن واپسی کو حکومت لبنان کی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ شام میں امن و استحکام کی برقراری کے بعد اس مسئلے کو شام میں بحران کے سیاسی حل سے جوڑنے سے متعلق عالمی برادری کا اصرار غیر منطقی ہے۔