اشرف غنی کی عبداللہ عبداللہ، کرزئی، سیاف اور خلیلی سے ملاقات
افغان صدر اشرف غنی نے افغانستان میں امن عمل سے متعلق سابق صدر حامد کرزئی سمیت اہم سیاسی شخصیات سے ملاقات کی۔
افغان صدر اشرف غنی نے گزشتہ روز افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ، سابق صدر حامد کرزئی اور سابق مجاہدین کمانڈر عبدالرب رسول سیاف اور ہائی پیس کونسل کے چیئرمین محمد کریم خلیلی سے ملاقات کی۔
افغان صدر نے یہ ملاقات امریکی نمائندہ خصوصی برائے امن عمل زلمے خلیل زاد کے دورہ افغانستان سے چند روز قبل کی۔
ملاقات میں سیاسی رہنماؤں نے امن عمل میں پیشرفت اور حالیہ حقائق سے مطابقت رکھتے ہوئے معاشرے کے تمام حصوں کی بہتر نمائندگی کے لیے تجاویز پیش کیں۔
صدارتی آفس سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ اس تبادلہ خیال کا مقصد امن کے لیے مختلف کوششوں کو یکجا کرنا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ میں طالبان نے امریکی نمائندگان اور روس اور قطر میں حامد کرزئی سمیت افغان سیاست دانوں کے خصوصی گروپ سے مذاکرات کیے تھے۔ تاہم طالبان، افغان حکام سے مذاکرات سے مسلسل انکار کرتے رہے ہیں۔