سعودی عرب اور امارات امریکی پٹھو ہیں، الحوثی
یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے مقابلے میں ڈٹ جانے والوں کو اس کی پٹھو اور سازشی حکومتوں کے ظلم و ستم کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
المسیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا ہے کہ تکفیری عناصر اور سعودی عرب و متحدہ عرب امارات کی حکومتیں امریکہ کے ڈکٹیٹ کردہ راستے پر گامزن ہیں اور یہ حکومتیں امریکی تسلط کی مخالفت کرنے والوں کے خلاف محاذ آرائی پر تل جاتی ہیں۔
انصاراللہ کے سربراہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی حکومتیں امریکہ کو بھاری رقوم دینے اور اسرائیل کے ساتھ اتحاد قائم کرنے کے باوجود دوسروں سے کہیں زیادہ امریکہ اور اسرائیل کے نشانے پر ہیں۔
یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ امریکہ خود کو مسلمان ظاہر کرنے والے موقع پرستوں کو استعمال کرکے دنیا بھر میں دین اسلام کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قرآنی تعلیمات دشمن کی سازشوں کے مقابلے میں نظریاتی، سیاسی، ابلاغیاتی اور اقتصادی میدانوں میں عملی پروگرام کی حامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ قرآن کے بیان کردہ ہمہ گیر اور جامع پروگرام پر عمل کرکے امت مسلمہ خود کو دشمن کی بندشوں سے آزاد اور فلسطین جیسے بینادی معاملات پر توجہ مرکوز کرسکتی ہے۔
انصاراللہ کے سربراہ نے کہا کہ عوامی حمایت سے محروم حکومتیں کمزور اور اپنی بقا کے لیے امریکہ اور اسرائیل کی حمایت حاصل کرنے میں جٹ جاتی ہیں اور ان کی گود میں جا بیٹھتی ہیں۔سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ امت مسلمہ کی فلاح اور مفاد اس میں ہے کہ تمام اسلامی ممالک، حکومتیں اور قومیں، دوسروں کی پیروی اور وابستگی سے نجات حاصل کرنے کی جانب حرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کی تعلیمات کی روشنی میں ہمیں دوست اور دشمن کی پہنچان کرنا ہوگی کیونکہ ہماری کامیابی اور بقا کا دار و مدار آگہی اور ذمہ داریوں کی ادائیگی پر ہے۔انصاراللہ کے سربراہ نے کہا کہ امریکہ کی مخالفت کرنے والوں اور اسرائیل کے خلاف ٹھوس اور عملی قدم اٹھانے والوں کو یمن، لبنان اور فلسطین میں امریکہ اور اسرائیل کی پٹھو اور غدار حکومتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔