حماس کی الفتح سے سینچری ڈیل کے خلاف متحدہ ہونے کی اپیل
فلسطینی تنظیم حماس نے سینچری ڈیل نامی ناپاک امریکی منصوبے کے خلاف مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
حماس کے ایک ترجمان عبداللطیف القانوع نے کہا ہے کہ امریکیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے فلسطینیوں کو متحدہ اور مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہفتہ وار حق واپسی مارچ کا پیغام بھی یہی ہے کہ فلسطینی دھڑے باہمی اختلافات کو چھوڑ کر سینچری ڈیل کو ناکام بنانے کے لیے آپس میں متحدہ ہو جائیں۔
حماس کے ترجمان نے تنظیم آزادی فلسطین الفتح سے اپیل کی وہ بھی سینچری ڈیل کے خلاف مشترکہ قومی تحریک میں شامل ہو جائے۔
قابل ذکر ہے کہ سینچری ڈیل، امریکہ کا ایک نیا منصوبہ ہے جسے مسئلہ فلسطین کو نابود کرنے کی غرض سے سعودی عرب سمیت بعض عرب ملکوں کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔
اس ناپاک منصوبے کے تحت بیت المقدس اسرائیل کے حوالے کر دیا جائے گا، فلسطینیوں کو اپنے آبائی علاقوں میں واپسی حق نہیں ہو گا اور اسرائیل کے ناجائز قبضے سے باقی بچ جانے والے غرب اردن اور غزہ کا علاقہ ہی فلسطینیوں کی ملکیت ہو گا۔