ایران کو امریکی دھمکیاں امت مسلمہ کی غیرت و حمیت کو للکارنے کے مترادف
پاکستان کے وزیر خارجہ کے اس بیان کے بعد کہ ایران امریکہ تنازع کی صورت میں کسی کی حمایت نہیں کریں گے، علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ امریکہ کی طرف سے ایران کو سنگین نتائج کی دھمکیاں امت مسلمہ کی غیرت و حمیت کو للکارنے کے مترادف ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کی میٹنگ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر پاکستان فکرمند ہے، کسی قسم کے بھی تنازعے کے پورے خطے پر منفی اثرات مرتب ہوں گے، اس لئے ہمیں اس پر واضح حکمت عملی بنانی ہوگی۔ شاہ محمود قریشی نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ تنازع کی صورت میں پاکستان کسی کا بھی ساتھ نہیں دے گا۔
ایران امریکہ تنازع سے متعلق پاکستان کے وزیر خارجہ کے بیان پررد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے ایران کو سنگین نتائج کی دھمکیاں امت مسلمہ کی غیرت و حمیت کو للکارنے کے مترادف ہے، یہود و نصاریٰ کو عالم اسلام کے مقابلے میں منہ کی کھانی پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ اب عالمی حالات یکسر بدل رہے ہیں، طاقت کا توازن تیزی سے تبدیلی کی طرف جا رہا ہے، عالمی استکبار کی پسپائی اس کا مقدر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک ایران پر کسی بھی جارحیت کی صورت میں پوری پاکستانی قوم اپنے مسلم برادر ملک کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کو درپیش سنگین خطرات اور بدامنی کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ ہے، امریکہ عالمی امن کا بدترین دشمن ہے، دہشت گردوں کے اس سرغنہ کو جنوبی ایشیا کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
علامہ ناصر عباس جعفری اورشاہ محمود قریشی کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے اور واشنگٹن نے اپنا ایئرکرافٹ کیریئراور اپنے بمبار طیارے مشرق وسطیٰ بھیج دیئے ہیں۔