کریم اہلبیت حضرت امام حسن مجتبی (ع) کی ولادت باسعادت
نواسہ رسول حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کا جشن، ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں میں پورے جوش و خروش اورعقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہاہے۔
سبط اکبر امام حسن مجتبی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے کل رات سے ہی ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں محافل مقاصدہ اور جشن کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا-
ہمارے نمائندوں نے خبر دی ہے کہ اس پرمسرت موقع پر ملک کے تمام شہروں اور قصبوں دیہاتوں کی مساجد اور مذہبی مقامات پر محافل مقاصدہ اور خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا اور لوگوں نے اس موقع پر افطار کے وقت اور اس کے بعد مٹھائیاں تقسیم کیں-
پندرہ رمضان المبارک کی مناسبت سے خاص طور پر جگہ جگہ افطار کے لئے اسٹال لگائے گئے تھے جبکہ ماہ رمضان کے باقی ایام میں بھی لوگوں کے افطار کے لئے جگہ جگہ اسٹال لگے ہوئے ہیں۔
حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کے جشن ولادت کے مرکزی پروگرام مشہد المقدس میں امام رضا علیہ السلام کے حرم اور قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم میں جاری ہیں جہاں بڑی تعداد میں روزہ دار مومنین اورعاشقان اہل بیت عصمت و طہارت محفلوں میں شریک ہیں-
عراق کے سبھی مقدس شہروں اور پاکستان اور ہندوستان سے بھی اطلاعات ہیں کہ آسمان امامت و ولایت کے دوسرے درخشاں ستارے فرزند رسولۖ حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے جگہ جگہ خصوصی تقریبات اور محلفوں کا انعقاد کیا گیا ہے-
حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام پندرہ رمضان المبارک سن تین ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائے۔
آپ حضرت علی (ع) اور حضرت فاطمہ علیھماالسلام کے کاشانہ عصمت کے پہلے چشم و چراغ تھے جو سورہ کوثر کی مکمل تفسیر بن کر آغوش عصمت میں اترے۔
سرکار دوعالم حضرت محمد مصطفی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حکم خدا سے اپنے پہلے نواسے کا نام حسن رکھا-
سحرعالمی نیٹ ورک اس مبارک موقع پر اپنے تمام چاہنے والوں کی خدمت میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتا ہے۔