سعودی عرب کے ابہا ایرپورٹ پر یمنی فوج کا ڈرون حملہ
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب کے ابہا ایرپورٹ پر ڈرون حملہ کیا ہے۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جمعے کی صبح ابہا ایرپورٹ پر کئے جانے والے ڈرون حملے میں قاصف ٹو کے، نامی پانچ ڈرون طیاروں کا استعمال کیا گیا۔ اس حملے کے بعد ابہا ایرپورٹ بند کر دیا گیا۔
اس سے قبل یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے بدھ کے روز ابہا ایرپورٹ کو کروز میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا۔
یمن پر سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جوابی کارروائیوں میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ یمن کے خلاف سعودی اتحاد کی جارحیت چھبیس مارچ دو ہزار انیس کو پانچویں سال میں داخل ہو گئی ہے جس کے دوران سولہ ہزار یمنی شہری شہید اور دسیوں ہزار زخمی ہو چکے ہیں جبکہ کئی لاکھ لوگوں کو اپنا گھربار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔