بحرین کے مختلف علاقوں میں آل خلیفہ حکومت کے خلاف مظاہرے
بحرین میں شہید کئے جانے والے دونوں بحرینی نوجوانوں سے وفاداری کے طور پر اس ملک کے مختلف علاقوں میں بحرینی عوام کے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
بحرینی عوام نے منگل کے روز بھی آل خلیفہ حکومت کی جانب سے شہید کئے جانے والے دونوں نوجوانوں کی تصاویر اپنے ہاتھوں لے کر بنی جمرہ، المالکیہ، الہملہ اور مختلف دیگر علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے۔
مظاہرین نے آل خلیفہ حکومت کے خلاف شدید نعرے لگائے۔ دونوں نوجوانوں کی شہادت کے خلاف کئے جانے والے یہ مظاہرے گذشتہ دو برسوں کے دوران کئے جانے والے اب تک کے سب سے بڑے مظاہرے شمار ہوتے ہیں۔
بحرینی حکومت نے بے بنیاد الزامات عائد کر کے بحرین کے دو نوجوانوں چوبیس سالہ احمد عیسی الملالی اور پچّیس سالہ علی محمد العرب کو سنیچر کے روز پھانسی دے کر شہید کر دیا تھا۔
بحرین کے عوام ان بحرینی نوجوانوں کو دی جانے والی پھانسی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔
بحرین سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے عوام نے پیر کی رات منامہ کے البلاد القدیم علاقے میں احتجاجی مظاہرہ کیا جسے سرکوب کرنے کیلئے آل خلیفہ حکومت کی سیکورٹی فورس نے نہتے مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل داغے اورلاٹھی چارج کیا جس سے کئی مظاہرین کی حالت خراب ہو گئی۔