بنگلہ دیش: سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو سزائے موت
بنگلہ دیش میں انسانیت کے خلاف جرائم کی عالمی عدالت نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو انسانیت کے خلاف جرائم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنا دی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے طلبہ کے خلاف کریک ڈاؤن کے مقدمے کا فیصلہ سنادیا ہے، سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد مجرم قرار پائي ہیں اور ان کو سزائے موت سنائی گئی ہے۔
بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے خلاف انسانیت کے جرائم کا مقدمہ گزشتہ سال سے زیر سماعت تھا جس میں انہیں سزائے موت دینے کی استدعا کی گئی تھی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں قرار دیا گیا تھا کہ گزشتہ سال 15 جولائی سے 5 اگست کے درمیان حکومت مخالف مظاہروں کے دوران سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سے تقریباً 1400 افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے جو 1971 کی آزادی کی جنگ کے بعد سے بنگلہ دیش میں بدترین سیاسی تشدد قرار دیا گیا تھا۔
رائٹرز کے مطابق بنگلہ دیش کی عدالت نے پیر کو سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کو انسانی جرائم کے سلسلے میں مجرم قرار دے دیا۔ یوں کئی ماہ پر محیط مقدمے کا اختتام ہوگیا۔
الجزیرہ کے مطابق عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ وزیراعظم شیخ حسینہ نے لوگوں کو اکسانے والا حکم دے کر اور ضروری اقدامات نہ کر کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی۔
78 سالہ شیخ حسینہ اگست 2024 میں بنگلہ دیش چھوڑ کر ہندوستان چلی گئی تھیں اور دہلی میں جلاوطنی میں رہ رہی ہیں۔