Aug ۱۷, ۲۰۱۹ ۱۸:۳۳ Asia/Tehran
  • سعودی آئل فیلڈ اور ریفائنری پر یمنی فوج کا اب تک کا سب سے بڑا ڈرون حملہ

یمن کے ڈرون طیاروں نے سعودی عرب کی نیشنل آئل کمپنی آرامکو سے وابستہ الشیبہ آئل فیلڈ اور ریفائنری پر اب تک کا سب سے بڑا ڈرون حملہ کیا ہے۔

المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ جارح سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے دس ڈرون طیاروں نے سعودی عرب کی نیشنل آئل کمپنی آرامکو سے وابستہ الشیبہ آئل فیلڈ اور ریفائنری پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ کیا ہے-

یمنی فوج کے ترجمان نے ہفتے کو یمنی فوج کے اب تک کے سب سے بڑے ڈرون حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے سعودی عرب کی سبھی کمپنیوں اور سعودی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کی حساس تنصیبات اور مراکز سے کہیں دور چلے جائیں-

یمنی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ سعودی عرب کی الشیبہ آئل فیلڈ اور آئل ریفائنری سعودی عرب کی سب سے بڑی آ‏ئل فیلڈ اور ریفائنری ہے جس میں ایک ارب بیرل تیل ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے-

یمنی فوج کے ڈرون یونٹ نے گذشتہ تین مہینے کے دوران دشمن کے فوجی مراکز اور اہم تنصیبات پر پچاس بار سے زائد حملے کئے جن میں سے سولہ حملے ابہا ہوائی اڈے پر، چودہ حملے جیزان ہوائی اڈے ، گیارہ حملے نجران ہوائی اڈے اور نو حملے خمیس مشیط فوجی چھاؤنی پر کئے گئے-

یمنی فوج کے کامیاب حملوں کے بعد یمن کی جنگ میں سعودی عرب کا سب سے بڑا اتحادی ملک، متحدہ عرب امارات اب اس اتحاد سے بتدریج باہر نکلنے کی کوشش کر رہا ہے۔

اس درمیان یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے رکن نے یمنی فوج کے اس بڑے ڈرون حملے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ دشمن ان کے ملک پر مسلط ہو جائیں-

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی آئل فیلڈ اور آئل ریفائنری پر یمنی فوج کا یہ بڑا حملہ جارح سعودی اتحاد کو واضح پیغام ہے-

انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے ایک اور رکن محمد البخیتی نے بھی کہا ہے کہ یمن کی مسلح افواج میزائل اور ڈرون کے میدان میں اپنی توانائیوں کا دائرہ بڑھانے کی کوشش جاری رکھے گا اور یمن پر جارحیت کرنے والے ملکوں کو چاہئے کہ وہ یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس کے انتباہات کو سنجیدگی سے لیں-

 

ٹیگس