افغانستان: پاکستانی قونصلیٹ کے باہر دھماکہ، 16 طالبان ہلاک
افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصلیٹ کے باہر دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے جبکہ غزنی میں 16 طالبان ہلاک ہوئے۔
افغان حکام کے مطابق افغان اوراتحادی افواج نے غزنی کے مختلف اضلاع میں طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا فضائی حملوں میں ۱۶ طالبان مارے گئے، تاہم ان حملوں میں شہریوں کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
ادھرافغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصلیٹ کے باہر دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اتوار کے روز پاکستانی قونصل خانے کے باہر آئی ای ڈی نصب کرکے دھماکا اس مقام پر کیا گیا جہاں لوگ قطارمیں کھڑے ہوکر ویزا حاصل کرنے کے لیے آتے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 3 افراد زخمی ہوئے جن میں پولیس اہلکار بھی ہیں تاہم قونصل خانے کا تمام عملہ محفوظ رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ پہلے سے ہی تھریٹ لسٹ پر تھا جب کہ قونصلیٹ کی سیکیورٹی بڑھانے کے لئے متعدد بار افغان حکام کوکہا گیا۔
واضح رہے کہ ماضی میں بھی پاکستانی قونصل خانے کو نشانہ بنایا جاچکا ہے اور سیکورٹی خدشات کی وجہ سے متعدد بار قونصلیٹ کو بند بھی رکھا گیا ۔