Sep ۰۷, ۲۰۱۹ ۱۸:۰۱ Asia/Tehran
  •  خانہ کعبہ میں کرین سانحے کے تمام ملزمین بری

سعودی عرب نے خانہ کعبہ میں کرین سانحے میں ملوث تمام ملزموں کو بری کردیا ہے۔

سعودی عرب کی ایک عدالت نے خانہ کعبہ میں حاجیوں پر کرین گرنے کے سانحے کی ذمہ دار بن لادن کمپنی کو کوتاہی برتنے کے الزام سے بری کردیا ہے۔ رای الیوم کی رپورٹ کے مطابق مکّے کی ایک کرمنل کورٹ نے جمعے کو دوہزار پندرہ میں مسجد الحرام میں حاجیوں پر موبائل کرین گرنے کے سانحے سے متعلق کیس بند کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔
کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ کرین سانحے میں ملزموں پر کوتاہی برتنے کا الزام ثابت نہیں ہوا اور سعودی عرب کے اٹارٹی جنرل کو ہدایت دی ہے کہ بن لادن کمپنی کو زخمیوں اور متاثرین کے ورثاء کو دیت ادا کرنے کا پابند نہ بنایا جائے۔
مکّے کی کرمنل کورٹ نے سن دوہزار سترہ میں اسی کیس میں اپنے فیصلے میں سانحے کے ملزم بن لادن کمپنی کے تیرہ کارکنوں کو بری کردیا تھا۔
گیارہ ستمبر دوہزار پندرہ میں خانہ کعبہ میں رونما ہونے والے موبائل کرین سانحے میں ایک سو سات عازمین حج جاں بحق اور دوسو اڑتیس زخمی ہوگئے تھے اور اس کے بعد ہی میدان منا میں آل سعود حکام کی بدانتظامی کے باعث پیش آنے والے واقعے میں مناسک حج میں مشغول چار سوچونسٹھ ایرانیوں سمیت ہزاروں عازمین حج کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔ 

ٹیگس