مجھے سب سے زیادہ ووٹ ملے: عبداللہ عبداللہ کا دعویٰ
افغانستان کے صدارتی امیدوارعبداللہ عبداللہ نے نتائج کے اعلان ہونے سے قبل اپنی جیت کا دعویٰ کیا ہے۔
افغانستان کے چیف ایگزیکٹو اور صدارتی انتخابات میں صدر اشرف غنی کے حریف امیدوار عبداللہ عبداللہ نے ایک نیوز کانفرنس میں الیکشن میں اپنی جیت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان آزاد الیکشن کمیشن ہی کرے گا، صدارتی الیکشن دوسرے مرحلے میں نہیں جائیں گے۔
افغانستان میں ہفتے کے روز ہونے والے صدارتی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر اشرف غنی، عبداللہ عبداللہ اور حکمت یار مضبوط امیدوار ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں حالیہ صدارتی انتخابات کو حق رائے دہی استعمال کرنے کی شرح کے لحاظ سے 2001ء کے بعد سب سے کم قرار دیا گیاہے، ایسے میں ایک صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ نے قبل از وقت اپنی کامیابی کا دعویٰ بھی کردیا ہے۔
افغان صدارتی انتخابات میں ووٹنگ کا عمل مکمل، نتائج کا اعلان 17 اکتوبر کو ہوگا۔
افغانستان کے آزاد الیکشن کمیشن نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ 3 کروڑ 50 لاکھ نفوس پر مشتمل افغانستان کے 90 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز میں سے صرف 22 لاکھ افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جبکہ 2014ء میں ہونے والے انتخابات میں ایک کروڑ 20 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز میں سے 70 لاکھ افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا۔