شام کے وزیرخارجہ اور اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کی ملاقات
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کے خصوصی نمائندے نے دمشق میں شام کے وزیرخارجہ ولید المعلم سے ملاقات کی ہے
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے گیر پڈرسن اور شام کے وزیرخارجہ ولید المعلم نے شام کا آئین مرتب کرنے والی کمیٹی کے پہلے اجلاس کی زمین ہموار کرنے سے متعلق تمام امور اور تدابیر کا جائزہ لیا۔ شام کا آئین مرتب کرنے والی کمیٹی کا پہلا اجلاس رواں مہینے کے آخر میں جنیوا میں ہوگا۔ گیر پڈرسن اور ولید معلم نے اس کمیٹی کی سرگرمیوں کی کامیابی کی ضمانت کے لئے مسلسل صلاح و مشورے کی اہمیت اور اس کے عملی جامہ پہننے کی راہ میں ہر طرح کی ممکنہ رکاوٹ دور کرنے پر تاکید کی۔فریقین نے تاکید کے ساتھ کہا کہ یہ بہت اہم ہے کہ اس کمیٹی کا کام کاج شامی فریق، بیرونی مداخلت کے بغیر خود دیکھ رہے ہیں اور یہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔شام کے لئے نئے آئین مرتب کرنے کے لئے کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ پہلی بار دوہزار اٹھارہ میں روس کے شہر سوچی میں ہونے والے امن مذاکرات میں کیا گیا تھا۔