یمن کے خلاف جارح سعودی اتحاد کی جنگ میں آٹھ ہزار سے زیادہ سوڈانی فوجی زخمی اور ناپید
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے یمن کے خلاف جارح سعودی اتحاد کی جنگ میں آٹھ ہزار سے زیادہ سوڈانی فوجیوں کے زخمی اور ناپید ہونے کی خبردی ہے۔
مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی فوج کے ترجمان یحیی سریع نے سنیچر کو کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی حکومتیں ، سوڈان سمیت مختلف ممالک کے فوجیوں کواستعمال کر رہی ہیں۔
یحیی سریع نے کہا کہ ملت سوڈان بھی دیگر عرب اور مسلم ملکوں کی طرح ذرائع ابلاغ کے پروپیگنڈوں کا شکار ہو کر گمراہی کے خطرے سے دوچار ہے اور سعودی اتحاد، سوڈانیوں کی ہلاکت پر بھی کوئی توجہ نہیں دیتا۔
گذشتہ ہفتے سوڈان کی عبوری فوجی کونسل کے نائب سربراہ محمد حمدان دقلو نے اعلان کیا تھا کہ یمن سے دس ہزار سوڈانی فوجیوں کی واپسی شروع ہوگئی ہے۔
درایں اثنا بعض ذرائع ابلاغ نے یمن سے سوڈانی فوجیوں کے باہر نکلنے کی خبر دی ہے۔
سعودی عرب، امریکہ ، متحدہ عرب امارات اور بعض دیگر ممالک کی مدد سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر فوجی حملے کر رہا ہے اور اس ملک کا زمینی ، بحری اور فضائی محاصرہ کئے ہوئے ہے۔