Nov ۰۶, ۲۰۱۹ ۰۸:۰۰ Asia/Tehran
  • حضرت امام حسن عسکری (ع) کی شہادت، پوری دنیا عزادار

آج بروز بدھ آٹھ ربیع الاول کو فرزند رسول خدا حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کا یوم شہادت ہے آپ کو عراق کے شہر سامراء میں زہر دغا سے شہید کردیا گیا تھا۔

حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے یوم شہادت کے خصوصی پروگرام میں شرکت کے لیے عراق اور دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں زائرین سامرا پہنچ گئے ہیں۔  سامرا میں حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے روضے میں ہزاروں عقیدت مندوں کا اجتماع ہے حرم امام حسن عسکری کے مختلف گوشوں میں مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے جن میں مقررین آپ کے فضائل و مناقب بیان کر رہے ہیں۔ عراق کے مختلف شہروں سے سامرا آنے والے زائرین انفرادی طور پر اور ماتمی دستوں کی شکل میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کر رہے ہیں۔ پاکستان اور ہندوستان سمیت اسلامی جمہوریہ ایران کے مذہبی شہروں مشہد مقدس، قم المقدسہ، شہر رے اور شیراز میں اہلبیت اطہار علیھم السلام کی برگزیدہ ہستیوں کے روضوں میں عزاداری کے بڑے بڑے اجتماعات منقعد کئے جا رہے ہیں جن میں ہزاروں کی تعداد میں عزادار شریک ہیں۔

مشہد مقدس میں فرزند رسولۖ حضرت علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کے روضہ مبارک میں ہزاروں زائرین اورعزادار موجود ہیں اور ہر طرف سے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کی آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔

قم المقدسہ میں بھی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کا روضہ اقدس بھی ہزاروں عزاداروں کا میزبان بنا ہے جو آسمان امامت و ولایت کے گیارہویں درخشاں ستارے اور شیعیان جہان کے گیارہویں امام حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی شہادت  کے غم میں اشک عزا بہا کر آپ کی شخصیت کو نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

فرزند رسولۖ حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام، آسمان امامت و ولایت کے بارہویں درخشاں ستارے اور شیعیان جہان کے بارہویں امام حضرت امام مہدی عجل کے والد گرامی ہیں جن کی آمد کا پوری دنیا شدت سے انتظار کر رہی ہے۔

آپ کی شہادت کے بعد سے ہی آپ کے فرزند امام مہدی علیہ السلام پردہ غیب میں ہیں اور جب حکم خدا ہوگا آپ ظہور فرمائیں گے اور دنیا میں عدل و انصاف قائم کریں گے۔

سحرعالمی نیٹ ورک غم و اندوہ کے اس موقع پرحضرت امام زمانہ (عج)، رہبرانقلاب اسلامی اور تمام سامعین اور ناظرین کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔

ٹیگس