حضرت فاطمہ پوری دنیا کی خواتین کے لئے نمونہ عمل
حضرت فاطمہ زہرا(س) پوری دنیا کی خواتین کے لئے رول ماڈل ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران اور دنیا کے گوشہ وکنار میں تیرہ جمادی الاول سے جو ایک روایت کے مطابق شہزادی کی تاریخ شہادت ہے ایام فاطمیہ کی مجالس کا آغاز ہوجاتا ہے اور تین جمادی الثانی تک جو دیگر روایتوں کے مطابق شہزادی کونین کی تاریخ شہادت ہے یہ سلسلہ جاری رہتا ہے۔
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا بیس جمادی الثانی بعثت کے پانچویں سال مکہ مکرمہ میں اس دنیا میں تشریف لائیں اور سرکار دوعالم کی آغوش میں پرورش پائی اور اعلی الہی تعلیمات کی حامل بنیں۔ شہزادی کونین علوم الہی کے سرچشمے سے سیراب ہوئی تھیں اور یوں آپ خداوند عالم کے مقربین میں سے تھیں۔ ایک روایت کے مطابق تیرہ جمادی الاول گیارہ ہجری قمری اور ایک روایت کے مطابق تین جمادی الثانی گیارہ ہجری قمری کو صرف اٹھارہ سال کی عمرمیں آپ شہید ہوئیں۔
ایام فاطمیہ کی مناسبت سے ایران، پاکستان، ہندوستان ،عراق و لبنان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے اور ذاکرین اہلبیت عصمت و طہارت صدیقہ طاہرہ حضرت فاطمہ سلام اللہ علیھا کے فضائل و مصائب بیان کررہے ہیں۔
پیغمبراسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی لخت جگر، شہزادی کونین، حضرت فاطمہ زہرا (س) کے یوم شہادت کی مناسبت سے سحر عالمی نیٹ ورک، اہلبیت اطہار علیہم السلام کے تمام چاہنے والوں کی خدمت میں بادل مغموم تعزیت پیش کرتا ہے۔