Feb ۱۲, ۲۰۲۰ ۱۳:۱۴ Asia/Tehran
  • سینچری ڈیل نسل پرستانہ منصوبہ، سلامتی کونسل میں محمود عباس کا بیان

شرمناک امریکی صیہونی سینچری ڈیل منصوبے کے خلاف احتجاج اور مخالفتوں کا سلسلہ جاری ہے اس درمیان فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں سینچری ڈیل منصوبے کو نسل پرستانہ قراردیتے ہوئے اس کو مسترد کردیا ہے

فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے منگل اور بدھ کی درمیانی رات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں اپنے خطاب میں کہا کہ امریکی منصوبہ سینچری ڈیل نسل پرستی کو مستحکم بنائےگا -

فلسطین سے متعلق ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس میں محمود عباس نے کہا کہ امریکا کی طرف سے سینچردی ڈیل منصوبہ مسئلہ فلسطین کو پوری طرح سے عالمی منظر نامے سے ختم کرنے کے لئے پیش کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام اس منصوبے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے - فلسطین سے متعلق سلامتی کونسل کا یہ اجلاس امریکا کے کہنے پر بلایا گیا تھا -

امریکی صدر ٹرمپ نے اٹھائیس جنوری کو صیہونی حکومت کے وزیراعظم بنیامین نتنیاہو کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں سینچری ڈیل منصوبے کی رونمائی کی تھی - امریکا نے سینچری ڈیل منصوبہ علاقے کے بعض عرب ملکوں منجملہ سعودی حکومت کے مشورے سے تیار کیا ہے اور اس منصوبے میں فلسطینیوں کے حقوق کو ختم کرنے کی بات کی گئی ہے -

اس منصوبے کے تحت بیت المقدس صیہونی حکومت کے حوالے کردیا جائے گا اور بیرون ملک پناہ لئے ہوئے ساٹھ لاکھ سے زائد فلسطینیوں کو اپنے وطن واپس لوٹنے کا حق نہیں ہوگا اور غرب اردن وغزہ کے بہت ہی محدود علاقے پر ہی فلسطینیوں کا کنٹرول ہوگا -

امریکا کے اس شرمناک منصوبے کی سبھی فلسطینی گروہوں نے بھرپور مخالفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بھی قیمت پر اس منصوبے کو نافذ نہیں ہونے دیں گے جبکہ عالمی سطح پر بھی بہت سے ملکوں حتی امریکا کے اتحادی یورپی ملکوں نے بھی سینچری ڈیل منصوبے کی مخالفت کی ہے -

اس درمیان غرب اردن میں فلسطینی باشندوں نے ایک بڑا مظاہرہ کرکے سینچری ڈیل منصوبے کی مذمت کی ہے ۔ غرب اردن کے شہر رام اللہ میں ہزاروں فلسطینیوں نے المنارہ اسکوائر پر اجتماع کرکے سینچری ڈیل کو پوری قوت کے ساتھ مسترد کردیا -

فلسطینی انتظامیہ کے وزیراعظم محمد اشتیہ نے مظاہرے میں خطاب کے دوران کہا کہ فلسطینی انتظامیہ فلسطینی عوام کے حقوق اور امنگوں کی محافظ ہے -

دوسری جانب لندن میں بھی انسانی حقوق کے کارکنوں کے ایک اجلاس میں امریکی صیہونی منصوبے سینیچری ڈیل کی مذمت کی گئی - لندن میں برطانوی سیاستدانوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے ایک اجلاس میں فلسطین کے خلاف ٹرمپ کے شرمناک منصوبے کی مذمت کی گئی -

اس اجلاس میں برطانیہ میں فلسطینی انتظامیہ کے نمائندے حسام زملط نے کہا کہ ٹرمپ کا یہ منصوبہ ایک ایسی ٹیم نے تیار کیا ہے جو براہ راست طور پر تل ابیب کے ساتھ کام کرتی ہے اور اس منصوبے کا مقصد اسرائیل نام کی ایک اپارتھائیڈ حکومت کو تشکیل دینا ہے - انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کا منصوبہ فلسطینیوں کو ان گھروں میں محصور کردینے والا ہے لیکن فلسطینی اپنی سرزمین کو آزاد کرانے کے لئے جنگ کریں گے -

ٹیگس