سعودی عرب میں پاکستانیوں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری
سعودی عرب میں پاکستانی قونصل خانے نے دفتر خارجہ کو بھیجے گئے ایک مراسلے میں کہا ہے کہ گزشتہ 3 روز کے دوران تقریباً 400 پاکستانیوں کو مکہ کے نزدیک شمیسی ڈی پورٹیشن سینٹرلایا گیا ہے۔
قونصل خانے کا یہ بیان سوشل میڈیا پر پھیلنے والی رپورٹس کے رد عمل میں سامنے آیا جن میں کہا گیا تھا کہ گزشتہ چند روز میں ہزاروں پاکستانی ورکرز کو حراست میں لیا گیا اور ملک بدر کیا گیا ہے۔ تاہم پاکستان نے غیر قانونی ورکرز کے خلاف اس کریک ڈاؤن کو صرف پاکستان سے مخصوص ہونے کی خبروں کو مسترد کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی حکام کا یہ اقدام وزیر اعظم عمران خان کے کوالا لمپور کے دورے میں کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے سے متعلق بیان جاری کرنے پر اٹھایا ہے جس میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ وہ اجلاس میں اس لیے شرکت نہیں کرسکے تھے کیونکہ چند ممالک جو پاکستان سے قریب ہیں، ان کا ماننا تھا کہ اس سے مسلم امہ تقسیم ہوگی۔