Mar ۰۴, ۲۰۲۰ ۱۶:۵۶ Asia/Tehran
  • ایران کے ساتھ حماس کے تعلقات اسٹریٹیجک نوعیت کے ہیں، اسماعیل ہنیہ

تحریک حماس نے اعلان کیاہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اس کے تعلقات اسٹریٹیجک نوعیت کے ہیں۔

اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے المیادین ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ملت فلسطین اور فلسطینی استقامت کے لئے سپاہ قدس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی کی حمایتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ القسام بریگیڈ اور استقامت کی حمایت میں شہید جنرل قاسم سلیمانی کا کردار بنیادی اور مرکزی تھا۔

اسماعیل ہنیہ نے امریکہ کے سازشی منصوبے سینچری ڈیل کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ سینچری ڈیل نے امریکی سیاست کے کریہہ چہرے اور ساز باز منصوبے کے تلخ نتائج کو برملا کر دیا۔تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ سینچری ڈیل نے فلسطینی اہداف کو نشانہ بنا رکھا ہے کہا  کہ فلسطین کے استقامتی گروہوں کو اس منصوبے کی مذمت اور اسے مسترد کر کے ایک قومی اسٹریٹیجی پیش  اور یکساں موقف اختیار کرنا چاہئے۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اٹھائیس جنوری کو وائٹ ہاؤس میں صیہونی وزیراعظم کی موجودگی میں امریکی منصوبے سینچری ڈیل کی رونمائی کی۔سینچری ڈیل امریکی حکومت کی ایک نئی سازش ہے جس کا مقصد فلسطینی عوام کے حقوق کو پوری طرح پامال کردینا ہے، یہ سازشی منصوبہ سعودی عرب سمیت بعض عرب ممالک کے تعاون و مدد سے تیار کیا گیا ہے۔

اس سازشی منصوبے کے ذریعے بیت المقدس کو صیہونی حکومت کو دے دیا جائے گا ، استقامتی قوتوں سے جدوجہد اور فلسطینی پناہ گزینوں کی وطن واپسی کا حق سلب کر لیا جائے گا۔

غرب اردن کی تیس فیصد زمینوں کو اسرائیل کے حوالے کردینا بھی اس سازشی منصوبے کی ایک شرمناک شق ہے۔سینچری ڈیل کی بنیاد پر فلسطین صرف غرب اردن اور غزہ پٹی کی باقی بچی زمینوں تک محدود ہو کر رہ جائے گا۔

درایں اثنا فلسطینی استقامتی گروہوں نے فلسطینی عوام کے خلاف امریکہ کی تخریبی پالیسیوں اور صیہونی امریکی سازشی منصوبے سینچری ڈیل کا مقابلہ کرنے پر زور دیا ہے فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے سینئر رکن خالد البطش نے المیادین ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے مختلف سیاسی مسائل میں فلسطینی گروہوں کے اتحاد و یکجہتی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں واشنگٹن کی سازشی اور تخریبی پالیسیوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونا چاہئے۔

البطش نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ تحریک جہاد اسلامی امریکی حکومت کے ساتھ ہر طرح کے رابطے کو مسترد کرتی ہے کہا کہ جو عرب ممالک صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی کوشش کررہے ہیں وہ علاقے میں امریکی منصوبے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

تحریک فتح کے سینیئر رکن صبری صیدم نے بھی المیادین ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے اس بات کا ذکر کیا کہ امریکی حکومت فلسطین میں سینچری ڈیل منصوبے کو آگے بڑھانے کے لئے کسی اتحادی کی تلاش میں ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے درمیان اختلافات جاری رہنے سے صیہونی امریکی منصوبے سینچری ڈیل کو فائدہ پہنچے گا۔

عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے سینیئر رہنما ماہر الطاھر نے مسئلہ فلسطین کو کنارے لگانے کے لئے واشنگٹن کی سازشوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اوسلو معاہدے کی منسوخی اور استقامت کی حمایت پر تاکید کی ۔

 

ٹیگس