Mar ۰۶, ۲۰۲۰ ۰۹:۰۲ Asia/Tehran
  • پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم نے کی رہبر انقلاب اسلامی کی قدردانی

پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم نے ہندوستانی مسلمانوں کی حمایت پر رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے بیان کی قدردانی کی ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ایک ٹوئیٹر بیان میں  کہا کہ میں ہندوستانی مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور قتل عام  اور ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں کشمیری عوام کے حق میں آواز اٹھانے پر رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خا منہ ای کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اسلامی ممالک کے بہت ہی کم حکام ہندوستانی مسلمانوں کی نسل کشی پر آواز بلند کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہندوستان کی حکومت اور انتہا پسند ہندو گستاخ بن گئے ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کے صدر عارف علوی نے اپنے ایک ٹوئیٹر بیان میں ہندوستانی مسلمانوں کی بھر پور حمایت پر رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے بیان کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان حضرت امام خامنہ ای کے ہندوستانی مسلمانوں کے حق میں بیان کی قدردانی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستانی مسلمانوں کی حمایت کے لیے ایرانی سپریم لیڈر کے موقف  سے متفق ہیں اور ہمیں ہندوستان کے مسلمانوں کو درپیش بحران کے سامنے متحد ہونا ہوگا۔

واضح رہے کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی کے دفتر حفظ و نشر آثار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اپنے بیان میں فرمایا کہ ہندوستانی مسلمانوں کے قتل عام پر دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل رنجیدہ ہیں۔ حکومت ہندوستان کو چاہئے کہ انتہا پسند ہندوؤں اور ان کی حامی تنظیموں پر پابندی لگائے اور مسلمانوں کا قتل عام بند کروا کر عالم اسلام میں خود کو تنہا پڑ جانے سے بچائے۔

ٹیگس