عراق کو اغیار کی نگرانی کی ضرورت نہیں: شمخانی
ایران کی قومی سلامتی کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ عراق اپنے مفادات خود طے کر سکتا ہے اور اسے اغیار کی نگرانی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
فارس نیوز کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے اتوار کے روز اپنے دورہ عراق کے دوران اس ملک کے صدر برہم صالح سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں انہوں نے عراق کے اقتدار اعلیٰ کا احترام کئے جانے پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تمام سیاسی جماعتیں قومی مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے جلد از جلد حکومت کی تشکیل میں کامیاب ہو جائیں گی۔
ایران کی قومی سلامتی کے سیکریٹری سے ہونے والی ملاقات میں عراق کے صدر برہم صالح نے بھی دشوار حالات میں ایران کی حمایت و مدد کو سراہتے کہا کہ عراقی عوام ہمیشہ ایرانی حکومت وعوام کے قدرداں رہیں گے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کے زیادہ سے زیادہ فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران و عراق کے تاریخی تعلقات اور مشترکہ مفادات نے مطلوبہ مقصد تک پہنچنے کے لئے راہ ہموار کر دی ہے۔
برہم صالح نے اربعین حسینی کے موقع پر 30 لاکھ سے زائد ایرانی زائرین کی عراق آمد اورعراقی عوام کی جانب سے انکی مہمان نوازی کی جانب اشارہ کرتے ہوئےاسے دونوں اقوام کے درمیان پائے جانے والے برادرانہ تعلقات کی علامت قرار دیا اورکہا کہ دشمن کبھی بھی عراق و ایران کے عوام کو جدا کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔