افغانستان کی موجودہ صورتحال کا ذمہ دار امریکا ہے: حامد کرزئی
افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ افغانستان کی موجودہ سیاسی صورتحال کا ذمہ دار امریکا ہے ۔
حامد کرزئی کے دفتر نے ایک بیان جاری کر کے کابل میں بیک وقت عہدہ صدارت کی دو تقریب حلف برداری پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کی موجودہ تشویشناک صورتحال افغانستان میں امریکا کی تفرقہ انگیز، تحقیر آمیز اور غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے-
افغانستان کے سابق صدر نے دو تقریب حلف برداری کے بارے میں امریکی وزارت خارجہ کے بیان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا موجودہ بحران کو حل کرنا چاہتا تو وہ بیک وقت دو الگ الگ تقریب حلف برداری سے پہلے ہی اس سیاسی بحران کو حل کردیتا-
انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ امریکی حکام منجملہ افغانستان کے امور میں امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد سے ملاقاتوں میں ہمیشہ یہ بات کہی ہے کہ امریکا افغانستان کے انتخابات کے بارے میں کبھی بھی مخلص نہیں رہا- انہوں نے کہا کہ اس موقع پر افغان عوام کو چاہئے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھ کر اغیار کی سازشوں کو ناکام بنا دیں ۔