عراق: عدنان الزرفی کو حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری
عراق میں عدنان الزرفی کو عبوری حکومت کی تشکیل پر مامور کر دیا گیا ہے۔
عراقی ذرائع کے مطابق عدنان الزرفی کو عبوری کابینہ کی تشکیل پر مامور کئے جانے کے بعد بعض سیاسی جماعتوں نے صدر برہم صالح کے پاس اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کرایا ہے۔
عراق کے نامزد وزیراعظم محمد توفیق علاوی نے دو مارچ کو ایک ویڈیو پیغام جاری کر کے اپنے استعفے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض سیاسی جماعتوں کے دباؤ کے سبب وہ استعفیٰ دینے پر مجبور ہوئے ہیں۔
عراقی صدر برہم صالح نے ان کے استعفے کو قبول کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ آئندہ پندرہ دنوں میں سیاسی جماعتوں کے ساتھ صلاح مشورہ کرنے کے بعد وزارت عظمیٰ کے لئے کسی فرد کا اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ عراق کی اقتصادی صورتحال اور بے روزگاری کے خلاف کئی مہینوں تک عوامی مظاہرے جاری رہے جو بعد میں پر تشدد شکل اختیار کر گئے تھے۔ایسے میں ملک کے وزیر اعظم عادل عبدالمہدی نے حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے استعفیٰ دے دیا تھا۔