اقوام متحدہ ترک جارحیت بند کروائے: شام
Mar ۲۷, ۲۰۲۰ ۲۲:۰۷ Asia/Tehran
شام کی حکومت نے اقوام متحدہ سے ترک فوج کی جارحیت ختم کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
سرکاری سطح پر جاری ہونے والے بیان کے مطابق شام کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نام ایک خط ارسال کیا ہے جس میں ملک کے شمالی علاقوں پر ترک فوج کی جارحیت بند کرانے کی اپیل کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ترک فوج اور اس کے حمایت یافتہ دہشت گردوں نے تین روز سے الحسکہ شہر کے پانی کی سپلائی بھی منقطع کر رکھی ہے اور عام شہریوں کے خلاف مجرمانہ قدامات انجام دے رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ترک فوج اور اس کے حمایت یافتہ دہشت گردوں نے ایسے وقت میں پانی کی سپلائی منقطع کی ہے جب حسکہ شہر میں باقی رہ جانے والے عام شہریوں کی اکثریت عورتوں اور بچوں پر مشتمل ہے۔
شام کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ترکی کے مجرمانہ اقدامات کی مذمت کریں اور شامی سرزمین پر ترک فوج کے ناجائز قبضے کو ختم کرانے کے لیے اپنا اثرو رسوخ استعمال کریں۔