عراقی فوجیوں کی کاروائی، 135 دہشت گردوں کی ہلاکت
عراق کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ رواں عیسوی سال کے آغاز سے اب تک عراقی فوجیوں اور سیکورٹی اہلکاروں کی کاروائیوں میں ایک سو پینتیس دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں۔
موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عراق کی وزارت دفاع نے بدھ کے روز ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ اس سال جنوری کے آغاز سے پندرہ اپریل تک عراقی فوجیوں اور سیکورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے بم بنانے والے چھے سو سینتیس خفیہ ٹھکانوں اور دو سو اناسی سرنگوں کو تباہ جبکہ چھے ہزار نواسی بموں اور اکیاون دھماکہ خیز بیلٹوں کا انکشاف کر کے ان کو ناکارہ بنایا ہے۔
دریں اثنا عراق کے فوجی انٹیلیجینس محکمے نے منگل کی رات اعلان کیا ہے کہ صوبے صلاح الدین میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر عراقی جنگی طیاروں کے حملے میں چودہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
اس حملے میں شہر الدور کے مضافاتی علاقے عبدالعزیز میں دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔
ادھر عراق کی پریس سیکورٹی کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کرکوک میں داعشی دہشت گردوں کے عناصر نے عراقی پولیس افسروں کی ایک بس کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے۔
عراق میں حالیہ مہینوں اور خاص طور سے کرونا وائرس پھیلنے کے بعد سے داعشی دہشت گردوں کی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں جس کی بنا پر عراق کے سیکورٹی اہلکار اور عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی دہشت گردوں کے خلاف مزید کاروائیاں کرنے پر مجبور ہو گئی ہے اور عراق کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں کا پتہ لگا کر ان کو تباہ نیز دہشت گردوں کو ہلاک کئے جانے کی کاروائیاں انجام دی جا رہی ہیں۔