Apr ۲۴, ۲۰۲۰ ۱۷:۰۱ Asia/Tehran
  • حرم ابراہیمی کی زمینوں پر قبضہ، جرم ہے: عرب لیگ

عرب لیگ نے شہر الخلیل میں حرم ابراہیمی کی زمینوں پر قبضہ کرنے سے متعلق غاصب صیہونی حکومت کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے اسرائیل کا خطرناک جرم قرار دیا ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عرب لیگ نے جمعرات کے روز شہر الخلیل میں حرم ابراہیمی کی زمینوں پر قبضہ کرنے سے متعلق غاصب صیہونی حکومت کے فیصلے کو بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا ہے۔

عرب لیگ نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے سے روکے۔

عرب لیگ نے صیہونی حکومت کے اس قسم کے اقدام کے خطرناک نتائج پر انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی علاقوں کو اسرائیل میں شامل کرنا اور یہودی بستیاں بنانا ایک ایسا جرم ہے کہ جس پر اسرائیل کو عالمی برادری کے سامنے میں جواب دینا ہوگا۔

واضح رہے کہ صیہونی کابینہ میں عدلیہ سے متعلق امور کے مشیر اویخای مندلبلیت نے بدھ کے روز اسرائیل کی جانب سے شہر الخلیل میں حرم ابراہیمی کی زمین کو کہ جس پر صیہونی حکومت کا قبضہ ہے، اسرائیل میں شامل کئے جانے کی حمایت کا اعلان کیا ہے جس پر فلسطینی گروہوں نے سخت ردعمل کا اظہار اور غاصب صیہونی حکومت کے اس مجرمانہ اقدام کے خطرناک نتائج کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔

ٹیگس