شام میں شدید دھماکہ، ساٹھ افراد ہلاک و زخمی
Apr ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۶:۳۰ Asia/Tehran
شام کے صوبہ حلب کے عفرین شہر میں ایک کار بم کے دھماکے میں بیس سے زائد افراد جاں بحق اور دسیوں زخمی ہوگئے۔
حلب ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق شہر عفرین میں ہونے والے کار بم دھماکے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی جس نے گاڑیوں اور گھروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
عینی شاہدین اور مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اس دھماکے میں کم از کم بیس لوگ مارے گئے ہیں جبکہ چالیس سے زائد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ مرنے والوں میں بچوں اور خواتین کو بھی دیکھا گیا ہے۔
گذشتہ چوبیس گھنٹے میں یہ عفرین میں ہونے والا دوسرا دھماکا ہے۔ پہلا دھماکا ترندہ روڈ پر ہوا تھا اور اس میں بھی لوگوں کی جان و مال کو نقصان پہنچا تھا۔
شہر عفرین اور اس کا مضافاتی علاقہ گذشتہ دو برسوں سے ترکی کی فوج، مسلح چھاپہ ماروں اور ان کے زیرکنٹرول دہشتگردوں کے قبضے میں ہے ۔