May ۰۶, ۲۰۲۰ ۱۹:۴۵ Asia/Tehran
  • عراق، الکاظمی نے کابینہ کی فہرست پارلیمنٹ کو پیش کی

عراق کے وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے اپنی بیس رکنی کابینہ کے اراکین کی فہرست پارلیمنٹ میں پیش کر دی ہے۔

عراق کی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر بشیر حداد نے کہا ہے کہ الکاظمی کی کابینہ کے بیس ارکان کی فہرست پیش ہوئی ہے جن میں تیل اور خارجہ امور کے وزرا کے ناموں کا ذکر نہیں ہے۔ مجوزہ فہرست میں کچھ تبدیلی کی گئی ہے اور وزیر داخلہ کی حیثیت سے عدنان الزرفی کے بجائے جن کو اس سے قبل کابینہ تشکیل دینے کی دعوت بھی دی گئی تھی، لیفٹیننٹ کرنل عثمان الغانمی کا نام تجویز کیا گیا ہے جو عراق کے چیف آف آرمی اسٹاف ہیں۔

حکومت قانون اتحاد کے عبد الہادی السعداوی کا کہنا ہے کہ بعض پارلیمانی دھڑوں کے درمیان کاظمی کابینہ کے بارے میں اتفاق رائے ہو گیا ہے تاہم حکومتِ قانون الائنس کو بعض ایسے ناموں پر اب بھی اعتراض ہے جن پر مالی بدعنوانی کا الزام ہے اور اگر ان کے نام نہیں نکالے گئے تو حکومت قانون اتحاد، ان کو اعتماد کا ووٹ نہیں دے گی۔

الکاظمی کی کابینہ کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے لئے نصف سے زائد اراکین کی حمایت درکار ہو گی۔ اس سے قبل عراقی پارلیمنٹ کی سربراہی کمیٹی نے اعلان کیا تھا کہ بدھ کو مقامی وقت کے مطابق رات نو بجے اعتماد کے ووٹ کے لئے اجلاس تشکیل دیا جائے گا۔

ٹیگس