امریکی فوجیوں کو ملک سے نکال باہر کیا جائے: عراق کے سنّی مفتی کا مطالبہ
عراق کے ایک سنّی مفتی نے ایک بیان جاری کر کے اس ملک کے نئے وزیر اعظم سے کہا ہے کہ وہ امریکی فوجیوں کو عراق سے نکال باہر کریں۔
العہد نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق مہدی الصمیدعی نے جمعے کے روز ایک بیان میں عراق کے نئے وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کو حکومت تشکیل دینے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری شجاعت اور لگن کے ساتھ عراق سے امریکی فوجیوں کو باہر نکالنے کے مسئلے پر کام کیجیے کیونکہ یہ فوجی، طاقتور اور امانت دار فورسز کو قتل کر رہے ہیں۔
عراق کے اس مفتی نے نئے وزیر اعظم سے یہ اپیل بھی کی ہے کہ جن لوگوں نے مذہبی منافرت پھیلا کر فتنہ انگیزی کی ہے اور جو داعش کے حامی رہے ہیں، ان کا مؤاخذہ کیا جائے۔ مہدی الصمیدعی نے اپنے بیان کے ایک دوسرے حصے میں عراقی رضاکار فورس الحشد الشعبی کی عزت افزائي کا بھی مطالبہ کیا ہے جو دہشت گرد گروہ داعش سے مقابلے کے لیے رضاکارانہ طور پر آگے آئي تھی۔