طالبان کے حملے میں تین افغان پولیس اہلکار ہلاک
شمالی افغانستان میں ایک پولیس چوکی پر طالبان کے حملے میں تین پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
آوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صوبہ قندوز کی صوبائی کونسل کے سربراہ محمد یوسف ایوبی نے کہا ہے کہ طالبان نے خان آباد ضلع میں ایک پولیس چوکی پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے۔
قندوز پولیس کے ترجمان ہجرت اللہ اکبری نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ طالبان اور افغان پولیس کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں پانچ طالبان ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔
درایں اثنا والی غزنی کے ترجمان وحید اللہ جمعہ زادہ نے بھی کہا ہے کہ مسلح افراد نے شہر غزنی میں ایک افغان جوان کو گولی مار کر قتل کردیا۔
دوسری جانب طالبان کے سینیئر ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے افغانستان کے سرکاری مراکز اور سیکورٹی اہلکاروں پر حملے جاری رکھنے کی دھمکی دی ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ طالبان فورسز، افغان حکومت کے فوجی کمانڈ کے مراکز پر حملے جاری رکھیں گے اور یہ مراکز طالبان کے حملے سے محفوظ نہیں رہیں گے۔