شب قدردعا و مناجات کی شب
آج کی یہ شب اللہ کے حضور دعا و نیائش کی شب ہے اور ایران، پاکستان اور ہندوستان سمیت دنیا کے اکثر ملکوں میں اس وقت دعائے جوشن کبیر، الغوث الغوث کی صداؤں سے فضا گونج رہی ہے ۔
اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان اور ہندوستان سمیت دنیا کے بہت سے ممالک میں کروڑوں بندگان خدا آج ایک بار پھراپنے مالک کی بارگاہ میں حاضر ہو کر ساری رات دعا و مناجات، راز و نیاز اور توسل میں بسر کریں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران میں آج کی رات کے اعمال جو تیسری شب قدر ہے کورونا کے حوالے سے جاری کیے جانے والے حفظان صحت کے پروٹوکول کی مکمل پابندی کے ساتھ انجام دیئے جا رہے ہیں جن میں ملک بھر کے عوام شرکت کر رہے ہیں -
عاشقان امامت و ولایت نے ماہ رمضان کی انیسویں اوراکیسویں شب کو مسجدوں، امامبارگاہوں اور حرم ہائے اہلبیت علیہم السلام کے قرب و جوار میں بسر کیا۔
شب قدر اہمیت و فضیلت کے اعتبار سے سب سے مبارک اہم اور گرانقدر شب ہے اور اس رات کی ہرعبادت کا ثواب ایک ہزار ماہ کی عبادات کے برابر ہے جبکہ اس رات میں انسان کی تقدیر بھی لکھی جاتی ہے۔
ماہ رمضان کی انیس، اکیس اور تیئیس کی راتیں شب قدر کہلاتی ہیں اور ساری دنیا کے مسلمان ان راتوں میں شب بیداری کرکے ، مخصوص اعمال بجا لاتے ہیں جبکہ دعاؤں اور مناجات کرکے اپنے معبود سے راز و نیاز کرتے ہیں۔